خیبر پختونخوا: بے نامی جائیدادوں کا انکشاف، ایف بی آر کی چھان پین

Last Updated On 04 April,2019 03:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں بڑی تعداد میں بے نامی جائیدادوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ ایف بی آر نے چھان بین کا آغاز کر دیا، پہلے مرحلے میں نادرا سے ریکارڈ طلب کر لیا گیا۔

ملک میں بے نامی اکاؤنٹس کے بعد اب بے نامی جائیدادوں کا معاملہ سامنے آگیا۔ خیبر پختونخوا میں ایف بی آر کی جانب سے بے نامی جائیداد رکھنے والوں کے خلاف نئے قوانین بنا دیئے گئے۔ اب ایف بی آر ٹیکس وصولی کے ساتھ ساتھ بے نامی جائیداد رکھنے والوں کی نہ صرف چھان بین کرے گا بلکہ ان کا پتہ لگا کر کاروائی بھی کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوار ایف بی آر کے مطابق بے نامی جائیداد رکھنے والوں کے خلاف پہلے مرحلے میں نادرا سے رابطہ کر کے ان سے ریکارڈ طلب کر لیا گیا ہے۔ ایف بی آر حکام کے مطابق بے نامی جائیداد رکھنے والوں کو نہ صرف بھاری جرمانے ادا کرنے پڑیں گے بلکہ جیل کی ہوا بھی کھانی ہو گی۔ بے نامی جائیدادوں کا سراغ لگانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ عوام کی بھی مدد حاصل کی جائے گی۔

ملک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کاروائیوں کے آغاز پر پشاور کے شہری بھی مطمئن نظر آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی کاروائیوں سے ملک کو فائدہ ہوگا۔