اسلام آباد: (ایس ایم زمان) وزیراعظم کے احکامات پر ایف بی آر نے ٹیکس گوشواروں کی نسبت پر تعیش زندگی گزارنے والے وفاقی وزراء، سینئر سیاست دانوں، بیوروکریٹس، صنعت کاروں سمیت 2 ہزار سے زائد افراد کی فہرست تیار کرلی، جس میں وفاقی وزیر فیصل واوڈا، اعظم سواتی، پیپلز پارٹی کے آصف علی زرداری، بلاول بھٹو، فریال تالپور، حمزہ شہباز، سابق کرکٹر شاہد آفریدی اور معین خان سمیت تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے 50 سے زائدافراد بھی شامل ہیں۔
ایف بی آر کے مطابق مذکورہ شخصیا ت کا رہن سہن جمع کرائے گئے ٹیکس گوشواروں سے مطابقت نہیں رکھتا، واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ایف بی آر کو ٹیکس نیٹ میں اضافے اور ہدف کے حصول کیلئے ٹیکس نہ دینے والے افراد کی فہرست تیار کرنے کاحکم دیا تھا، مزید برآں ایف بی آر نے سالانہ کروڑ روپے تک آمدنی و اخراجات کرنے والے ایسے 10 ہزار افراد کی فہرست بھی تیار کی ہے جنہوں نے آج تک ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کرائے۔ ایف بی آر فہرست کے مطابق افراد کو ٹیکس ادائیگی کیلئے آئندہ ہفتے نوٹس جاری کرے گا۔