راولپنڈی: (دنیا نیوز) راجہ پرویزاشرف اور بابراعوان کے خلاف نندی پور بجلی گھر ریفرنس کی سماعت گرماگرمی کی نظر ہوگئی۔ نیب پراسیکیوٹر اور بابر اعوان میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ عدالت نے خواجہ آصف اور نوید قمر کو جمعرات کے روز گواہی کیلئے طلب کرلیا۔
سماعت کے آغاز پر نیب پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ عدالت کچھ وقت دے، ریکارڈ اکٹھا کرنا ہے۔ گواہ محمد نعیم نے بھی ہاں میں ہاں ملائی کہ کیس کا ریکارڈ مظفر گڑھ سے بھی لانا ہے، اس پر ملزم بابر اعوان نے کہا یہ سیلاب کا کیس نہیں کہ ریکارڈ مظفرگڑھ میں ہو، استغاثہ نے 3 دن مانگے تھے عدالت پہلے ہی 6 دن دے چکی۔ اس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ خواجہ آصف یا نوید قمر کو بیان قلمبند کرانے کیلئے بلا لیتے ہیں۔
بابراعوان نے سوال اٹھایا کیا خواجہ آصف تفتیشی ہیں ؟ بلا لیں خواجہ آصف اور نوید قمر کو بھی بلکہ ابھی بلا لیں، یہ کام نہ کرنے کے بہانے ہیں۔ نیب پراسیکوٹر نے جواب دیا بابر اعوان صاحب جس طرح بول رہے یہ جلسہ نہیں ہو رہا۔ اس پر بابراعوان کے منشی محمد شبیر نے نیب پراسیکوٹر پر چلاتے ہوئے کہا ‘‘ چپ کر کے کھڑا ہو ’’۔ جج ارشد ملک نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا یہ کیا طریقہ ہے بات کرنے کا۔
گرما گرمی کے باعث پہلے گواہ کا بیان قلمبند نہ ہوسکا۔ عدالت نے خواجہ آصف اور نوید قمر کو 21 مارچ کو آئندہ سماعت پر گواہی کیلئے پیش ہونے کا حکم دیا اور پہلے گواہ محمد نعیم کو بھی دوبارہ طلب کر لیا۔