اسلام آباد: (دنیا نیوز) جعلی اکاؤنٹس کیس میں احتساب عدالت میں پیش دستاویزات میں سے 3 ہزار صفحات غائب پائے گئے، رجسٹرار نے ریفرنس واپس کر دیا۔
ملزم نجم الزمان کی اہلیہ نے خاوند کو گھر کا کھانا پہنچانے کی اجازت طلب کی تو جج محمد بشیر نے کہا آپ زہر ملا کر دیدیں تو کون ذمہ دار ہوگا ؟ اس پر اہلیہ نے جواب دیا اللہ معاف کرے میں اپنے شوہر کو زہر کیوں دوں گی ؟ اس پر فاضل جج نے کہا آپ تو زہر نہیں دیں گی مگر رسک نہیں لیا جا سکتا، نیب کا کھانا بھی بہت اچھا ہوتا ہے، بعد میں کئی ملزم تو یہ کہتے ہیں کہ نیب کے پاس ہی رہنے دیں۔
جج احتساب عدالت نے ماضی کا ایک واقعہ سنایا کہ ایک ملزم نے اپنے بیٹے سے کہا تم نیب کو ایک کروڑ روپے کی ادائیگی کر دو تو مجھے رہائی مل سکتی ہے، بیٹے نے یہ کہہ کر رقم دینے سے انکار کر دیا کہ ابا جی آپ کی زندگی رہ ہی کتنی گئی ہے۔