اسلام آباد: (دنیا نیوز) گورنر سندھ عمران اسماعیل کی اسلام آباد کے سفر کے دوران جہاز میں اچانک طبیعت خراب ہو گئی، فرش پر گرنے سے منہ سے خون نکل آیا تاہم انھیں فوری طبی امداد مہیا کی گئی، بعد ازاں سندھ ہاوس پہنچنے پر ڈاکٹر نے تفصیلی معائنے کے بعد حالت تسلی بخش قرار دے دی۔
گورنر سندھ وزیراعظم ہاوس میں میٹنگ کیلئے کراچی سے اسلام آباد عازم سفر تھے کہ دوران پرواز ان کا بلڈ پریشر اچانک کم ہو گیا اور وہ اپنا توازن برقرار نہ رکھنے کے سبب جہاز میں گر گئے، ان کے منہ سے خون بھی بہہ نکلا۔
گورنر سندھ کو ابتدائی طبی امداد جہاز میں ہی دی گئی، پرواز اترتے ہی انھیں سندھ ہاوس اسلام آباد منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹر نے گورنر کا تفصیلی طبی معائنہ کیا اور حالت تسلی بخش قرار دے دی۔ ترجمان سندھ ہاوس اسلام آباد کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل سندھ ہاوس پہنچ گئے ہیں،دوران پرواز گورنر سندھ کا بلڈ پریشر اچانک کم ہو گیا جس کے سبب وہ جہاز میں گر گئے اور ان کےمنہ سے خون بھی آیا، ان کی طبیعت اب بہتر ہے۔