اسلام آباد: (دنیا نیوز) جعلی اکاؤنٹس کیس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے 20 مارچ کو نیب آفس میں پیشی کا فیصلہ کیا ہے، اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر سے جیالوں کو اسلام آباد پہنچنے کا حکم دے دیا۔
جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو 20 مارچ کو طلب کیا۔ نیب کی جانب سے طلبی کے نوٹسز موصول کروائے گئے، 20 مارچ کو نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم سوالنامہ ان کے حوالے کرے گی۔
کالعدم تنظیموں کی مدد سے الیکشن جیتنے والوں کوالگ کرنا چاہیے: بلاول بھٹو
ذرائع کے مطابق سوالات پارک لین کمپنی سے متعلق ہوں گے، پارک لین کمپنی میں اربوں روپے کی جعلی ٹرانزیکشنز کی گئیں، آصف زرداری نے پارک لین کمپنی 1989 میں خریدی تھی۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کمپنی مبینہ فرنٹ مین اقبال میمن کے ذریعے خریدی گئی۔
آصف زرداری بطور ڈائریکٹر اکاؤنٹس استعمال کرنے کا اختیار رکھتے تھے۔
پارک لین کمپنی کی 2008 کی دستاویز پر زرداری کے بطور ڈائریکٹر دستخط ہیں۔