کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ڈاکو کو واردات مہنگا پڑ گیا، ڈیفنس میں ڈکیتی کرنے والا مبینہ ملزم شہری کی گولی سے زخمی ہو کر سلاخوں کے پیچھے چلا گیا، سٹریٹ کرائمز سے تنگ کراچی کے باسیوں نے پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیئے۔
کراچی میں سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں بے پناہ اضافہ ہو گیا تاہم پولیس سمیت دیگر متعلقہ ادارے ملزمان کو لگام ڈالنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔ آج صبح ڈیفنس فیز 6 میں ڈاکو کو واردات مہنگی پڑ گئی، ملزم نے پکڑے جانے پر فرار ہونے کی کوشش کی تو شہری نے فائرنگ کر دی جبکہ ملزم ابراہیم کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان نئی گاڑیوں سے سسٹم چوری کرنے کی پندرہ سے زائد وارداتوں میں ملوث ہے، شہریوں نےچوری ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کی ذمہ داری پولیس پر عائد کر دی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں مختلف گروہ کام کررہے ہیں جن میں سے بیشتر کو گرفتار بھی کیا جاچکا ہے۔