کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کےعلاقے لیاری میں 7 سالہ بچی سویرا عمارت کی چھٹی منزل سے گر کر جاں بحق ہو گئی، والدہ کا کہنا ہے 3 دن مدرسے نہ جانے پر سویرا کو کمرے میں بند کیا تھا۔
والدین کی غفلت نے معصوم بچی کی جان لے لی، کراچی کے علاقے لیاری نیا آباد میں سات سالہ بچی سویرا رہائشی عمارت کی چھٹی منزل سے گر کر اپنی زندگی گنوا بیٹھی۔ معصوم بچی کی ناگہانی موت پر بے بسی کی تصویر بنی ماں نے میڈیا کو بتایا کہ سویرا اُستانی کے خوف سے 3 دن سے مدرسے نہیں جا رہی تھی اس لیے بطور سزا اس کو کمرے میں بند کیا تھا۔
حادثے کے وقت بچی کا والد اپنے دفتر میں تھا۔ پولیس کے مطابق سات سالہ سویرا کے ماں باپ کے بیانات ریکارڈ کر لیے ہیں تاہم بچی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے پر ہی حتمی طور پر کچھ کہا جاسکے گا۔