راولپنڈی: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے آئی ایم ایف کے ساتھ چور دروازے سے معاہدے کئے جا رہے ہیں، عوام تیار رہے حکومت کوئی نہ کوئی کارروائی ڈالے گی۔
ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت کی نااہلی کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا، آئی ایم ایف کے ساتھ چور دروازے سے معاہدے کیے جا رہے ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں نہیں لیا جا رہا۔ انہوں نے کہا عوام کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے، خیبرپختونخوا میں ایک کھرب کے کھڈے موجود ہیں مگر بی آر ٹی نہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا حکمران یاد رکھیں وہ کنٹینر پر نہیں ہیں، ہم جیلیں کاٹ کر سرخرو ہو رہے ہیں، حکومت کی اپنی سیٹی بجنے والی ہے، یومیہ 16 ارب روپے ملکی قرضہ بڑھا رہا ہے، اس لیے مہنگائی ہے، حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے مہنگائی 10 فیصد سے بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف چوری کے پیسے سے چل رہی ہے، جہانگیر ترین منی لانڈرنگ، علیمہ خان کی بے نامی جائیداد کاجواب دینا ہوگا۔
ترجمان مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ عمران خان کو ان کے دعوے بھولنے نہیں دیں گے، پٹرول مزید مہنگا ہونے جا رہا ہے، پی ٹی آئی کے 18 جعلی اکاؤنٹس سامنے آئے، جس کا انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا، چیلنج کرتی ہوں فواد چودھری پاپڑ والے کے اکاؤنٹ کی تفصیلات بتائیں۔