شہباز شریف کی بیٹی کے گھر پر چھاپہ نہیں مارا، نیب کی وضاحت

Last Updated On 13 April,2019 09:07 pm

لاہور(دنیا نیوز) شہباز شریف کی بیٹی کے گھر کے گھیرائو سے متعلق مریم اورنگزیب کا بیان مسترد کرتے ہوئے ترجمان قومی احتساب بیورو نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے ماڈل ٹائون میں کسی کے گھر پر چھاپہ نہیں مارا، ٹیم پولیس کےہمراہ صرف نوٹس وصول کرانےگئی تھی۔

اس سے قبل ن لیگی رہنما مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا کہ نیب نے پولیس کےہمراہ بغیر کسی نوٹس کے ماڈل ٹاؤن ایچ بلاک میں واقع گھر کا گھیراؤ کیا، انہوں نے کہا کہ یہ کیامذاق ہورہاہے، عوام ان کی کارروائیوں کودیکھ رہےہیں۔

یاد رہے کہ  آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں شریف خاندان کیخلاف تحقیقات کا دائرہ کار مزید وسیع کرتے ہوئے نیب لاہور نے شہباز شریف کی اہلیہ اور دونوں صاحبزادیوں کو طلب کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب نے نصرت شہباز شریف کو 17 اپریل کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے جبکہ 18 اپریل کو رابعہ شریف اور 19 اپریل کو جویریہ شریف کو نیب لاہور آفس میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہباز شریف کی جانب سے یہ رقم 2013 سے 2018 کے درمیان مختلف ٹرانزیکشن کے زریعے منتقل کی گئی، نصرت شہباز 12 کمپنیوں میں 69 لاکھ 56 ہزار 500 شئیرز کی مالک ہیں، 96 ایچ ماڈل ٹاون اور مری کی رہائش نصرت شہباز کے نام ہیں اور نصرت شہباز کے نام قصور اور فیروز والا میں 810 کنال قیمتی زمین ہے۔ نیب کی جانب سے نصرت شہباز کی طلبی پر ان معاملات سے متعلق سوالات کئے جائیں گے۔

نیب نے گزشتہ ہفتے حمزہ شہباز کی گرفتاری کیلئے ماڈل ٹائون میں شہباز شریف کے گھر پر چھاپہ مارنے کی کوشش کی مگر کارکنوں کی جانب سے مزاحمت پر ناکام رہے۔ بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے 18 اپریل تک حفاظتی ضمانت کی منظوری دیدی تھی۔