اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو نے وفاقی وزیراطلاعات کی جانب سے علیم خان کے مقدمہ سے متعلق دیئے گئے بیان کا نوٹس لے لیا، چئیر مین نیب کے احکامات کے تحت وزیر اطلاعات فواد چودھری کے نیب سے متعلق ماضی اور حالیہ بیانات کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اگر قانون کی خلاف ورزی ثابت ہوئی تو ان کے خلاف کارروائی بھی ہو سکتی ہے۔
نیب کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قومی احتساب بیورو کا تعلق کسی سیاسی جماعت، گروہ یا فرد سے نہیں، ادارے کی وابستگی صرف پاکستان سے ہے اور نیب نے اپنے عمل سے اپنی غیرجانبداری کو ثابت بھی کیا ہے۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات کے بیانات کا جائزہ لیا جائے گا کہ یہ نیب کے معاملات یا زیر تفتیشن مقدمات میں مداخلت کی کوشش تو نہیں۔
اگر وزیر اطلاعات کے بیان میں قانون کی کوئی خلاف ورزی پائی گئی تو نیب اعلامیے کے مطابق ان کے خلاف کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔ واضح رہے کہ وزیر اطلاعات نے علیم خان کیس سے متعلق اپنے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ اربوں روپے کھانے والوں کو آسانی سے ضمانت مل سکتی ہے تو ایک کاروباری آدمی کو کیوں نہیں، عام تاثر ہے کہ علیم خان کو اپوزیشن کے شور کی وجہ سے ناکردہ جرم کی سزا دی جا رہی ہے، علیم خان کا مقدمہ کم سنگین ہے۔