لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں ہے۔ ہم تو صرف پاکستان کا لوٹا ہوا پیسہ مانگ رہے ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”اختلافی نوٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی منصوبے پر کرپشن کا الزام نہیں، اس پر نااہلیت دکھائی گئی ہے۔ اس منصوبے میں جو غلطیاں ہوئیں، اس کو سامنے آنا چاہیے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ کا قانون بنا، مگر قانون لاگو کرنے کا طریقہ کار نہیں بنایا گیا۔ قانون کا ایک نظام ہے، ہم سب کو قانون کا احترام کرنا چاہیے۔ ابھی تک ہم نے کوئی مقدمہ نہیں بنایا، اب ہمارے سامنے اور مقدموں کے ثبوت آ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام میں تصور یہ کہ یہ ابو بچاؤ مہم پر نکل رہے ہیں۔ ان کے پیسے بچانے کے لئے عوام تو باہر نہیں نکلے گی۔ لوگوں کو بے وقوف نہیں سمجھنا چاہیے عوام کو پتا ہے یہ کیوں اکھٹے ہو رہے ہیں۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ یہ لوگ نوٹوں کی خوشبو سے جیتے ہیں، ان لوگوں کو پیسے سے عشق ہے، یہ مر جائیں گے پیسے نہیں دیں گے۔ ہماری نواز شریف اور آصف زرداری سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے، بس لوٹی ہوئی دولت واپس کر دیں۔