پاکستان میں پٹرول کی قیمت سری لنکا اور نیپال سے کم ہے، فواد چودھری

Last Updated On 01 April,2019 08:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پٹرول پر ٹیکس اس وقت کم ترین سطح پر ہے۔ حکومت کو 106 روپے فی لیٹر میں پٹرول پڑتا ہے لیکن ہم نے پٹرول لیوی کے ٹیکس کو کم کیا ہے۔

دنیا نیوز کے پروگرام ”نقطہ نظر“ میں پارٹی کے اندرونی معاملات پر بات کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں میں اندرونی اختلاف ہوتا ہے۔ شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کا ایشو چھوٹا موٹا ہے، دونوں رہنماؤں کا اپنا اپنا نقطہ نظر ہے۔ ہم کوئی بٹالین نہیں ہیں، اس سے پارٹی میں کوئی نقصان نہیں ہوگا۔

فوجی عدالتوں کے معاملے پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ فوجی عدالتوں کا فیصلہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت بنایا گیا تھا۔ اس معاملے پر اپنی تجاویز اپوزیشن کو دیدی ہیں، اب فیصلہ دیگر سیاسی جماعتوں نے کرنا ہے۔ فوجی عدالتوں کا فیصلہ اتفاق رائے سے کریں گے۔

حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں 35 فیصد میں اضافہ ہوا ہے۔ عالمی منڈی میں اس کی قیمت 68 ڈالر پر قیمت پہنچ گئی ہے۔ ہم نے ڈالر کی قیمت کو سامنے رکھ کر فیصلہ کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت کو 106 روپے فی لیٹر میں پٹرول پڑتا ہے لیکن اس پر ٹیکس کم ترین سطح پر ہے۔ اسد عمر نے جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کیا۔ پاکستان میں پٹرول کی قیمت سری لنکا اور نیپال سے کم ہے۔

 

Advertisement