اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ دنیا نے مان لیا مودی نے پلوامہ حملے کو الیکشن جیتنے کیلئے ہوا دی، پلوامہ حملے کے بعد کی صورتحال میں بھارت کو پاکستان نے آؤٹ کلاس کیا، پاکستان کی کوششوں سے بھارت کو عالمی تنہائی کا سامنا کرنا پڑا۔
وزیر اطلاعات فواد چودھری نے میڈیا ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا دنیا بھر کے میڈیا میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھ رہا ہے، جدید دور کی جنگیں بھی میڈیا کے ذریعے لڑی جا رہی ہیں، وار پروپیگنڈا بنیادی اہمیت اختیار کرگیا، کائناٹک وار فیئر کی حیثیت اب ثانوی ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا فلسطین کے مسلمانوں پر مظالم کیے جا رہے ہیں، پاکستان دہشتگردی کیخلاف ایک بیانیہ رکھتا ہے، اپنے بیانیے کو دوسروں تک پہنچانے کیلئے میڈیا کا سہارا لیا جاتا ہے۔
فواد چودھری نے کہا ماضی میں پاکستان دہشتگردی کیخلاف اپنا بیانیہ موثر طور پر نہیں پھیلا سکا، پاکستان 19 سال سے دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑ رہا ہے۔