اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ آج تحریک انصاف اگر حکومت میں ہے تو اس میں ایک بڑا کردار جہانگیر ترین کا ہے۔ فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ ہمارا لیڈر عمران خان ہے، پارٹی میں انہیں کوئی ڈکٹیٹ نہیں کر سکتا۔ عون چودھری اور خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ بھی جہانگیر ترین کی سرکاری اجلاسوں میں شرکت کے حامی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کے اختلافات کے بعد پارٹی کے متعدد رہنما بھی جہانگیرترین کی حمایت میں بول پڑے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے ٹویٹ میں کہا کہ آج تحریک انصاف اگر حکومت میں ہے تو اس میں ایک بڑا کردار جہانگیر ترین کا ہے۔ کابینہ اجلاس میں ان کی شرکت وزیراعظم کی خواہش پر ہوتی ہے۔ اکابرین کو وزیراعظم کی خواہش کا احترام کرنا چاہے۔ جہانگیر ترین کے خلاف عدالتی فیصلہ بدقسمتی تھی وہ انتخابات سے باہر ہوئے لیکن پی ٹی آئی کے ورکرز کے دلوں سے نہیں۔
وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ جہانگیر ترین کابینہ ارکان کی خواہش پر اجلاس میں شرکت کرتے ہیں۔ وہ سینئر ساتھی ہیں اور ہم ان سے سیکھ سکتے ہیں۔ پارٹی میں کوئی ہمیں ڈکٹیٹ نہیں کر سکتا۔ وزیراعظم ہمارے لیڈر ہیں اور ہم انہی سے ہدایات لیتے ہیں۔
وزیر خزانہ خیبر پختونخوا تیمور خان جھگڑا نے بھی جہانگیر ترین کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے کہا کہ جہانگیر ترین نے پارٹی کے لئے بہت کچھ کیا۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب کے مشیر عون چودھری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ بطور سیاسی کارکن جہانگیر ترین سے بہت کچھ سیکھا۔ ان کی ملک اور پارٹی کے لئے لازوال خدمات ہیں۔ اجلاسوں میں جہانگیر ترین کی شرکت سے فائدہ ہوتا ہے۔
پنجاب کے وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ جہانگیر ترین کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا چاہیے۔ ان کی پارٹی کے لئے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ جہانگیر ترین نے جدوجہد کے عمل میں پارٹی کے لئے ان تھک محنت کی۔ کپتان اپنے کس کھلاڑی سے کیا کام لیتا ہے، یہ فیصلہ کپتان کو کرنا ہے۔ جہانگیر ترین وزیراعظم کے زیر صدارت اجلاس میں عمران خان کی مرضی سے شریک ہوتے ہیں۔ جہانگیر ترین ملک کی خدمت کرنا چاہتے ہیں اور اس کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ صنعت و زراعت کے شعبے میں جہانگیر ترین بہت کچھ ڈلیور کر سکتے ہیں۔