کھیوڑہ: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمنوں کومنطقی انجام تک پہنچائیں گے، دہشت گردی کے اکا دکا واقعات آخری دموں پر ہیں، پاکستان کا مستقبل روشن ہے، ملک میں جمہوریت کو نہیں ڈاکووں کو خطرہ ہے۔
کھیوڑہ میں دوستی سپورٹس فیسیوئل سے خطاب کرتے ہوئے وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے فاٹا کیساتھ سوتیلوں جیسا اسلوک کیا، آج پیپلز پارٹی اندرون سندھ کی چھوٹی سی جماعت بن گئی ہے۔ بلاول جب کارروان بھٹو جاتے ہیں تو والد کی تصویر نہیں لگاتے۔ مولانا فضل الرحمان کو پارلیمنٹ سے باہر ہونے پر مروڑ اٹھ رہے ہیں، شہبازشریف کے کارنامے سب کے سامنے آ رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ کیلئے پاپڑ والے کا شناختی کارڈ استعمال کیا گیا، پچھلے 10سال میں 60 ارب ڈالر قرضہ لیا گیا۔ جب پوچھا جائے تو کہتے ہیں جمہوریت کو خطرہ ہے۔ ملک میں جمہوریت کو نہیں ڈاکوؤں کو خطرہ ہے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پاکستان کے دشمنوں اور ملک لوٹنے والوں کومنطقی انجام تک پہنچائیں گے، دہشت گردی کے اکا دکا واقعات آخری دموں پرہیں، تاہم پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔