آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس، حمزہ شہباز جواب دینے میں ناکام

Last Updated On 12 April,2019 04:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں نیب کی ٹیم نے حمزہ شہباز شریف سے 30 سے زائد سوالات کئے۔ ذرائع کے مطابق ن لیگی رہنما ان کے جواب دینے میں ناکام رہے۔

 

ذرائع کے مطابق نیب ٹیم نے سوالات کئے کہ 2003ء میں آپ کے اثاثے 2 کروڑ روپے تھے، اب 41 کروڑ روپے سے تجاوز کر گئے ذرائع آمدن کیا تھے؟

نیب ٹیم نے سوال کیا کہ آپ کے زیادہ تر اثاثے اس وقت بنے جب آپ کے والد پنجاب کے وزیراعلیٰ تھے؟ ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز شریف نے جواب دیا کہ انہیں اس حوالے سے مکمل معلومات نہیں ہیں۔

نیب نے سوال کیا کہ بتایا جائے فضل داد سے کیا تعلق ہے؟ جس پر حمزہ شہباز نے جواب دیا کہ ہمارے بزنس میں بہت سارے ملازمین تھے۔

نیب نے سوال کیا کہ آپ کے اکاؤنٹس میں مختلف بیرونی ذرائع سے پیسے منتقل کئے، یہ کس بزنس سے آئے؟ حمزہ شہباز شریف اس کا بھی جواب نہ دے سکے۔ نیب ٹیم نے حمزہ شہباز سے مبینہ منی لانڈرنگ اور اثاثہ جات کے حوالہ سے متعلق بھی مزید سوالات کئے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو آج 11 بجے دن طلب کر رکھا تھا لیکن وہ تقریباً 1 گھنٹہ 20 منٹ تاخیر سے نیب کے لاہور آفس پہنچے۔ نیب حکام نے ان کے سٹاف کو باہر ہی روک لیا۔