لاہور: (دنیا نیوز) ن لیگی رہنما حمزہ شہباز کی رمضان شوگر ملز اور صاف پانی سکینڈل میں عبوری ضمانت منظور کر لی گئی، لاہور ہائیکورٹ نے نیب کو 17 اپریل تک حمزہ کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔
ن لیگی رہنما حمزہ شہباز شریف نے 2 کرپشن سکینڈلز میں ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر لاہور ہائیکورٹ سے عبوری ضمانت حاصل کر لی۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے نیب کیسز رمضان شوگر ملز اور صاف پانی سکینڈلز میں عبوری ضمانت کیلئے الگ الگ درخواستیں دائر کر دیں جن میں حمزہ نے خدشہ ظاہر کیا کہ نیب انھیں بھی کسی اور انکوائری میں بلا کر رمضان شوگر اور صاف پانی سکینڈل میں گرفتاری کر لے گا۔ لاہور ہائیکورٹ نے وکلائے فریقین کے دلائل سننے کے بعد حمزہ شہباز کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کر لی۔
حمزہ شہباز کو آج نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کے ریفرنس میں طلب کر رکھا ہے، نیب لاہور میں پیشی سے قبل حمزہ شہباز نے گرفتاری سے بچنے کیلئے عبوری ضمانت کروائی ہے۔