حکومت کے پاس ثبوت ہیں تو کارروائی کیوں نہیں کرتی؟ مریم اورنگزیب

Last Updated On 14 April,2019 07:12 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر اطلاعات پریس کانفرنس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کے پاس ثبوت ہیں تو کارروائی کیوں نہیں کرتے؟

دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہم پر وہی کنٹینر والے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ ایسی گفتگو اور جھوٹ بول کر عوام کو بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ تحریک انصاف فنڈنگ کیس، جہانگیر ترین کیس اور علیمہ باجی کی بے نامی جائیداد بارے بھی فواد چودھری کوبتانا چاہیے۔

اس سے قبل مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ حکومت کے پاس سابق وزرائے خزانہ اسحاق ڈار اور مفتاع اسماعیل کے سوالوں کا جواب نہیں ہے۔ موجودہ حکومت کو خود بھی اپنے نالائق اور نااہل ہونے کا پتا چل گیا ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اسحاق ڈار کی زبان بند کرنے سے بائیس کروڑ عوام کی زبان بند نہیں ہوگی۔ عمران خان چاہتے ہیں کہ ان کی نالائقی اور نااہلی پر کوئی سوال نہ اٹھائے، علیمہ باجی کی چوری اور جہانگیر ترین کی منی لانڈرنگ کی بات نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ بتایا جائے کہ پشاورمیٹرو کے ایک کھرب کے کھڈے کیسے چھپائیں گے؟ ترقی کی شرح آدھی اور مہنگائی تین گُنا کر دی گئی، اسے کیسے چھپائیں گے؟ غریبوں کے گھر اور دکانیں گرا کر بنی گالہ کو کیسے چھپائیں گے؟ جبکہ ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر کیسے دیں گے؟

ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ فواد چودھری نے امریکی سیکٹری خزانہ کی اسد عمر سے ملنے سے انکار سے توجہ ہٹانے کیلئے پریس کانفرنس کی۔

عمران صاحب کا مسئلہ ہے کہ خود نااہل اور ٹیم نالائق ہے۔ حکومت سے شریف خاندان کی کرپشن ثابت نہیں ہو رہی۔ عمران خان صاحب کیوں اپنی کمپنی سے اپنا اور وزیراعظم کی کرسی کا مذاق اُڑاتے ہیں۔ خدارا اب آپ وزیراعظم ہیں، الزام نہ لگائیں کرپشن ثابت کریں۔