بلوچستان میں تباہی مچانے والا بارش کا سسٹم پنجاب میں داخل

Last Updated On 15 April,2019 10:06 pm

لاہور: (دنیا نیوز) جنوبی اضلاع میں بارشوں اور ژالہ باری شروع ہوگئی، لاہور میں بھی وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

مغربی ہواؤں سے بننے والے نظام کے باعث گزشتہ کئی روز سے بلوچستان میں بارشیں برسا رہا ہے۔ اب یہ نظام بلوچستان کے راستے پنجاب میں داخل ہو چکا ہے۔ اس نظام کے باعث پنجاب کے جنوبی اضلاع بہاولپور، لودھراں اور دیگر علاقوں میں بارشیں برس رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ لاہور میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ بارشیں آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں تک جاری رہیں گی۔ اس دوران تیز ہوائیں بھی چلتی رہیں گی۔ صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کی طرف سے سفر کرنے والوں کو بہت محتاط رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ادھر ملتان اور گردونواح میں 84 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز آندھی اور پھر موسلا دھار بارش نے ملتان اور گردونواح میں بجلی کے نظام کو شدید متاثر کیا ہے۔ شدید آندھی اور بارش کے باعث میپکو ریجن میں 115 فیڈرز ٹرپ کر گئے جبکہ بارش کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے 8 افراد بھی زخمی ہو گئے جنہیں نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کل بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ دوسری طرف شدید بارشوں کے باعث آم کے باغات اور گندم کی فصل بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔

فیصل آباد میں شام کے وقت 55 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز آندھی نے کئی درخت اکھاڑ دیے جبکہ عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ آندھی کے بعد تیز ہواؤں کے ساتح موسلا دھار بارش نے جھل تھل کر دیا۔ گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش سے سٹرکیں پانی سے بھر گئیں جبکہ کئی علاقوں میں فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی غائب ہو گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ 15 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

 

لاہور شہر میں شدید آندھی سے بجلی کا نظام شدید متاثر ہوا ہے۔ تیز ہواؤں اور آندھی کے باعث لیسکو ریجن کے 150 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق ٹرپنگ کے باعث بجلی کی ترسیل میں عارضی تعطل پیش آیا ہے۔

 

 

ادھر فیسکو ریجن کے مختلف اضلاع میں شدید طوفان سے ریجن بھر کے 110 فیڈرز سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ ترجمان فیسکو کے مطابق
لائن سٹاف نے بجلی کی بحالی کے لیے کام شروع کر دیا۔ فیسکو چیف بحالی کے کاموں کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔
 
لاہور شہر میں تیز آندھی کے باعث مختلف عمارتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔ مختلف علاقوں میں حادثات کی زد میں آ کر ایک شخص جاں بحق جبکہ 16 زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق لاہور کے علاقے شاد باغ میں عامر روڈ پر دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ادھر کاہنہ کاچھا میں کمرے کی چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہوئے جنھیں جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا۔ اس کے علاقہ منصورہ بازار میں چھت گرنے سے 6 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 4 زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ 2 کو موقع پر ہی طبی امداد ایڈ فراہم کی گئی۔