اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت میں ایک کینیڈین خاتون کے ساتھ بدتمیزی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ 15 پر کال کرنے کے باوجود پولیس نہ پہنچی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں کینیڈین خاتون کے ساتھ اوباش نوجوانوں نے بدتمیزی کی، ہراساں کیا اور پیچھا کرتے رہے۔ متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ نوجوان میرے ڈرائیور سے اس کی رہائشگاہ کا پتا بھی پوچھتے رہے۔
کینیڈا سے تعلق رکھنے والی متاثرہ خاتون نے کہا ہے کہ 15 پر کال کی تو کہا گیا کہ تھانے کال کریں اور درخواست دیں۔ خاتون نے وزیراعظم کے پورٹل پر شکایت درج کرا دی ہے۔
ادھر اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ شکایت متعلقہ ایس پی کو بھجوا دی گئی ہے۔ کینیڈین خاتون نے پاکستانی شہری سے شادی کی ہے اور 2018ء سے پاکستان میں رہائش پذیر ہے۔
اطلاعات کے مطابق کینیڈین خاتون اسما گلوٹہ کو ہراساں کرنے کے معاملے کا مقدمہ تھانہ سہالہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق خاتون نے کہا ہے کہ وہ راولپنڈی کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے گھر کے لیے روانہ ہوئی تو ایک کار میں سوار دو لڑکوں نے اسے تنگ کیا اور مجھے ٹیکسی میں بیٹھنے سے روکا، گاڑی کا تعاقب کیا اور جملے کستے رہے۔
کینیڈین خاتون اسما نے ایف آئی آر میں بتایا کہ دونوں لڑکوں نے ڈرائیور سے میرے گھر کے حوالے سے معلومات لینے کی کوشش بھی کی۔ ان لڑکوں نے اسلام آباد تک میرا تعاقب کیا جس کے باعث میں نے گھر جانے کے بجائے شاپنگ مال میں پناہ لی۔ جب یقین ہو گیا کہ دونوں لڑکے چلے گئے ہیں، تب گھر روانہ ہوئی۔ ان لڑکوں کی گاڑی کی تفصیل اور ویڈیو میرے پاس ہے۔