کینیڈین خاتون کو ہراساں کرنے والے قانون کے شکنجے میں آ گئے

Last Updated On 18 April,2019 06:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پولیس نے کینیڈین خاتون کو ہراساں کرنے والے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، ملزمان کی شناخت حمزہ سہیل اور انس کامران کے نام سے ہوئی ہے۔

دوسری طرف کینیڈین خاتون نے بھی ملزمان کو بھی شناخت کر لیا ہے جبکہ ملزمان کو تھانہ سہالہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کی گاڑی قبضے میں لے لی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل کینیڈین خاتون اسما گلوٹہ نے مقامی پولیس سٹیشن میں درخواست جمع کرائی تھی کہ سہالہ میں دو نامعلوم افراد نے اپنی گاڑی میں زبردستی روکنے کی کوشش کی اور گاڑی میں ساتھ بیھٹنے کا کہا۔

نوجوانوں نے نازیبا جملے بھی کسے اور میرے ڈرائیور سے گھر کا پتا بھی پوچھتے رہے۔ کینیڈین خاتون کی درخواست وزیراعظم شکایات پورٹل کے ذریعے اعلیٰ حکام تک پہنچی، کینیڈین خاتون نے پاکستانی شہری سے شادی کر رکھی ہے اور وہ 2018ء سے پاکستان میں ہی رہائش پذیر ہیں۔

یاد رہے کہ 16 اپریل کو ایک کینیڈین خاتون نے 15 پر کال کر کے کہا کہ دو نوجوان بدتمیزی کر رہے ہیں اور ساتھ جنسی ہراساں کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

کینیڈی خاتون کے 15 پر کال کرنے پر کہا گیا متعلقہ تھانے کال کریں اور درخواست دیں ، جس پر خاتون نے وزیراعظم کے پورٹل پر شکایات درج کرائی۔

ادھر اسلام آباد پولیس کا کہنا تھا کہ شکایت متعلقہ ایس پی کو بھجوا دی گئی ہے۔

اعلیٰ حکام کے نوٹس میں آنے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کےتفتیش شروع کی،جس پر پولیس نے آج کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔