اسلام آباد: (دنیا نیوز) بنی گالہ اجلاس کے دوران حال ہی میں ہٹائے جانے والے متاثرہ وزراء غیر حاضر رہے۔
ذرائع کے مطابق غیر حاضر رہنے والوں میں فواد چودھری، شہریار آفریدی، غلام سرور، سابق وزیر خزانہ اسد عمر اور سابق وزیر صحت عامر کیانی شامل ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ معاشی بحران کے حل کے لیے وزیراعظم نے اہم فیصلے کیے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کو منانے جائوں گا۔ فواد چودھری سمیت سب ساتھ ہیں۔
شیخ رشید نے بتایا کہ صرف ایک وزیر کو ہٹایا گیا ہے۔ وفاقی وزیر صحت عامر کیانی کو ادویات کی قیمتوں کی وجہ سے نکالا گیا۔
اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کی وجہ سے معیشت کو خطرات لاحق تھے، دنیا میں خراب معیشت کی وجہ سے ملک ٹوٹتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان کو تبدیل نہیں کیا جا رہا ہے۔
مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان، تحریک انصاف کی شکر گزار ہوں کہ اس عہدے کا موقع دیا۔ آج کے اجلاس میں معاشی ٹیم وزیراعظم عمران خان سے ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشیر خزانہ حفیظ شیخ کو کچھ ٹارگٹ دیئے گئے ہیں۔ اب وہ ہمارے اوپننگ بیٹسمین ہیں۔ کل وزیراعظم عمران خان کوئٹہ جا رہے ہیں جہاں نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبے کا افتتاح کیا جا رہا ہے۔
مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ عمر ایوب کو وزارت پٹرولیم کا اضافی چارج دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسد عمر ناراض نہیں ہیں۔ وہ جلد واپس آ جائیں گے۔