حیدر آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے وزیر خزانہ ہمارے دور والا لے لیا ہے، وزیراعظم بھی ہمارا لے کر آئیں، پھر مسائل حل ہوں گے۔
پیپلز پارٹی رہنما مولا بخش چانڈیو نے حیدر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت پر طنز کے خوب نشتر چلائے اور کہا کہ پی پی دور کا وزیر خزانہ لے لیا، اب وزیراعظم بھی ہمارا لے کرآئیں، پھر مسائل حل ہوں گے۔ ہم پر تنقید کرنے پر اخود معافی مانگیں، آپ کی حکومت میں سر درد کی گولی تک نہیں ملتی۔
مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ اب ہمارے دور کی معیشت پر تنقید درست نہیں ہے۔ اسد عمر کو نکالنے پر پہلی پیشگوئی درست ثابت ہوئی، ہم وزیراعظم کو بھاگنے نہیں دیں گے۔ ہم کہتے ہیں کہ بسم اللہ اپنی مدت پوری کرو، دنیا بھر میں بھیک مانگ رہے ہیں، ہاؤسنگ سکیم کیا دیں گے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم عمران خان اپنی ٹیم سے دلبرداشتہ ہو چکے ہیں، ان کی ٹیم میں مزید تبدیلیاں ہوں گی۔