اسلام آباد: (دنیا نیوز) جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق پارک لین سکینڈل میں ملوث ملزم سلیم فیصل وعدہ معاف گواہ بن گیا۔ سلیم فیصل نے وعدہ معاف بننے کی باضابطہ درخواست نیب کو دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق سلیم فیصل نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ تمام معاملات پارک لین کی انتظامیہ کے کہنے پر کرتا رہا۔
ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل بزنس اینڈ شاپنگ سنٹر نامی پلازے پر اربوں کا قرض لیا گیا جو بعد ازاں ڈیفالٹ کروا کر قرضہ خورد برد کیا گیا۔ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری پارک لین میں 25-25 فیصد کے شراکت دار ہیں۔ ذرائع کے مطابق سابق صدر اور چیئر مین پیپلز پارٹی نیب کے سامنے شراکت داری کا اعتراف بھی کر چکے ہیں۔