اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو کا کہنا ہے اسد عمر کو ہٹانے کے مثبت نتائج ہوں گے، امید ہے کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے باقی وزیروں کو بھی ہٹایا جائے گا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ حکومت کو 8 ماہ بعد احساس ہوا کہ ان کی معاشی پالیسیاں غلط ہیں، امید ہے اسد عمر کو ہٹانے سے معاشی صورتحال بہتر ہو گی۔
ادھر ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اگر حکومت کی پالیسیاں بہت اچھی تھیں تو پھر کیا ہوا، کیوں اسد عمر کو وزرات خزانہ چھوڑنے کا کہا گیا، اسد عمر کا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان کی معاشی پالیسیاں ناکام ہیں، اصل مسئلہ اسد عمر نہیں بلکہ وزیر اعظم عمران خان خود ہیں۔
ترجمان بلاول بھٹو سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے اسد عمر کو ہٹائے جانے کی خبر پر رد عمل دیتے ہوئے کہا قوم کو مبارک ہو پی پی کے مطالبے پر حکومت کی پہلی وکٹ اڑ گئی، عمران خان حکومت کی مزید وکٹیں بھی جلد گر جائیں گی۔ انہوں نے کہا حکومت کی پوری ٹیم 50 اوورز سے بہت پہلے پویلین لوٹ جائے گی، عمران خان نے ملک کو بدترین بحرانوں میں دھکیل دیا ہے، معاشی بحران کے بعد ملک میں گورننس کا بدترین بحران پیدا ہو گیا ہے۔
سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا سلیکٹ وزیراعظم سے نہ معیشت چل رہی ہے اور نہ خارجی امور چلا پا رہے ہیں، عمران خان ملک تو کیا اپنی ٹیم اور حکومت ہی نہیں سنبھال پا رہے۔