العزیزیہ ریفرنس: نواز شریف نے کل کی حاضری سے استثنیٰ مانگ لیا

Last Updated On 22 April,2019 03:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نواز شریف نے العزیزیہ ریفرنس کی سزا کے خلاف کیس میں 23 اپریل کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کر دی۔ سابق وزیراعظم کی نئی میڈیکل رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرائی گئی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف نواز شریف کی اپیل پر سماعت 23 اپریل کو ہونا ہے، جس کے لیے سابق وزیراعظم کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست اور نئی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی ہیں۔

نواز شریف کے وکلاء کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ نواز شریف بیماری کے باعث عدالت میں حاضر نہیں ہو سکتے، انہیں حاضری سے ایک دن کا استثنیٰ دیا جائے۔

میڈیکل رپورٹ کے مطابق نواز شریف کو ذہنی تناو سے باہر آنے کے لئے آرام کی ضرورت ہے، ان کا باقاعدگی سے طبی معائنہ کیا جا رہا ہے، سابق وزیراعظم کے عارضہ قلب، شوگر لیول کو مانیٹر کیا جا رہا ہے، ان کے گردوں کی بیماری بھی تیسرے درجے پر ہے، نواز شریف کی صحت سے متعلق تمام ماہرین ابھی حتمی رپورٹ مرتب کریں گے۔

سزا کے خلاف نواز شریف کی اپیل پر اسلام آباد ہائیکورٹ کا 2 رکنی بینچ سماعت کرے گا، نواز شریف نے گزشتہ سماعت پر بھی حاضری سے استثنیٰ لیا تھا۔