اورماڑہ میں دہشت گردی کا واقعہ، پاکستان کا ایران سے شدید احتجاج

Last Updated On 20 April,2019 12:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اورماڑہ میں 14 افراد کو قتل کرنے والے دہشتگردوں کیخلاف کارروائی نہ کرنے پر پاکستان نے ایران سے شدید احتجاج کیا ہے۔

 مکران کوسٹل ہائی وے پر دہشت گردوں کی جانب سے نیوی اہلکاروں سمیت 14 معصوم افراد کے قتل پر پاکستان نے ایران سے شدید احتجاج کیا ہے۔ پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے احتجاجی مراسلہ ایرانی سفارتخانے کو بھجوایا گیا، جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائی کا پہلے بھی ایران سے کئی بار مطالبہ کر چکے ہیں۔

دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے یہ حملہ وزیراعظم عمران خان کے تاریخی دورہ ایران سے قبل کیا گیا، دہشتگرد، انتہا پسند اور ان کے معاون دونوں مسلم ریاستوں کے تعلقات سے خوفزدہ ہیں، ایران دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔