پشاور: (دنیا نیوز) پشاور پولیس نے نواحی علاقے میں پولیو ویکسین کا ڈرامہ کرنے اور ہسپتال میں توڑ پھوڑ میں ملوث مزید 9 افراد کو گرفتار کرلیا، نجی سکول کا پرنسپل روپوش ہوگیا۔
پولیس کے مطابق پشاور کے علاقے ماشو خیل میں پولیو ویکسین سے متعلق افواہ پھیلانے اور بی ایچ یو میں جلاؤ گھیراؤ میں ملوث مزید 9 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق نجی سکول کا پرنسپل روپوش ہوگیا ہے جس کی گرفتاری جلد عمل میں لائی جائے گی۔
واقعات میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد سے 2 کلاشنکوف اور پستول برآمد ہوئے۔ پولیس کے مطابق ملزموں کو سوشل میڈیا پر چلنے والی ویڈیوز کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔
22 اپریل کو پولیو کے قطرے پینے سے 100 سے زائد بچوں کی طبیعت خراب ہونے کا معاملہ سامنے آیا تھا جس پر مشتعل افراد نے بی ایچ یو ماشو خیل میں توڑ پھوڑ کی تھی تاہم بعدازاں ویڈیوز سامنے آنے کے بعد ڈرامہ رچانے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ واقعات میں گرفتار ملزموں کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔