پشاور: (دنیا نیوز) حیات آباد میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، عبدالناصر نے ایک ماہ پہلے جاوید کوکی خیل کو مکان کرائے پر دیا، رات کو مہمان آئے، اہلکاروں پر پہلا فائر کل رات آٹھ بجے کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے حیات آباد میں دہشت گردوں کے زیر استعمال مکان عبدالناصرنامی شخص کا نکلا، مالک مکان نے ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے جاوید کوکی خیل نامی شخص کو ایک ماہ قبل گھر 37 ہزار روپے ماہانہ کرائے پر دیا تھا۔ مکان میں کوئی فیملی رہائش پذیر نہیں تھی، گزشتہ رات کو کچھ لوگ مہمان کے طور پر آئے، رات کو 8 بجے کے قریب اہلکاروں پر پہلا فائر کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے کرائے پر مکان دینے والے پراپرٹی ڈیلر اور سہولت کار کو حراست میں لے لیا، جسے مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا، مکان آئی ای ڈی کو ناکارہ بنانے کے دوران مکمل طور پر منہدم ہوگیا۔