پشاور: (دنیا نیوز) پشاور کے علاقے حیات آباد میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں شہید اے ایس آئی قمر عالم کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ وزیراعلیٰ محمود خان، آئی جی پولیس اور کور کمانڈر سمیت دیگر اعلیٰ سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔
پشاور کے علاقے حیات آباد میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے اے ایس آئی قمر عالم کی نماز جنازہ ملک سعد پولیس لائن میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، آئی جی پولیس ڈاکٹر محمد نعیم، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل مظہر شاہین سمیت دیگر سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ اور کور کمانڈر نے پولیس اہلکار کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ پولیس کے چاق وچوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔
وزیراعلیٰ محمود خان کا نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے، فائرنگ سے ایک اے آیس آئی شہید ہوا، فورسز الرٹ تھیں، اس وجہ سے کاؤنٹر کیا جا رہا ہے، دہشت گردوں کو کاؤنٹر کرنا آسان نہیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں کی تعداد 7 ہے، علاقے میں آپریشن تاحال جاری ہے، کلیئر ہونے پر مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔