سمبڑیال: (دنیا نیوز) معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر پاکستان سے خود ساختہ جلا وطنی اختیار کیے ہوئے ہے، ہم اپوزیشن لیڈر کا اخبار میں اشتہار دیں یا کوئی اور اقدام کریں۔
سمبڑیال میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عوام نے عمران خان کو لٹیروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مینڈیٹ دیا، وہ ملک کو ان لٹیروں سے نجات کیلئے عوام سے رشتہ مضبوط کرنا چاہتے ہیں، ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے عوام عمران خان کی آواز بنیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں نے کرپشن کا تحفظ کرکے ملک کو کمزور کیا۔ سیاست کو کاروبار کیلئے استعمال کرنے والا ٹولہ پاکستان پر قابض رہا۔ 35 سال اس ملک کو دیمک کی طرح چاٹنے والے آج بے روزگاری کے ذمہ دار ہیں۔ ناجائز دولت کے بارے میں پوچھیں تو اپوزیشن پر ناگوار گزرتی ہے۔
اپوزیشن سیاسی اکھاڑے کے ذریعے اپنی سیاست زندہ رکھنے میں مصروف ہے۔ اپوزیشن پہلے اپنا اپوزیشن لیڈر سامنے لائے جو خود ساختہ جلا وطنی اختیار کیے ہوئے ہے۔ ایک بھائی پاکستان سے بھاگ گیا جبکہ دوسرا پر تول رہا ہے۔