جنت نظیر وادیوں پر مشتمل جنوبی وزیرستان

Last Updated On 28 April,2019 06:00 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں ضم قبائلی اضلاع خوبصورتی اور قدرتی نظاروں میں کسی سے کم نہیں ہیں، اگر ضرورت ہے تو حکومتی توجہ کی۔

جنت نظیر وادیوں، قدرتی چشموں اور گھنے جنگلات پر مشتمل جنوبی وزیرستان بہترین سیاحتی مرکز ہے لیکن دہشت گردی کے باعث دنیا کی نظروں سے اوجھل رہا تاہم اب امن قائم ہوتے ہی یہ خوبصورتی دنیا پر آشکار ہونے لگی ہے۔

گرمی کے موسم میں بارش کی رم جھم اور سرسبز وادیوں کے خوبصورت نظارے ناصرف سیاحوں کی دلچسپی کا سبب بن سکتے ہیں بلکہ یہاں کے مقامی افراد بھی اس کے سحر میں گرفتار ہیں۔ کہتے ہیں حکومت تھوڑی توجہ دے تو یہ ملکی اور غیر ملکی سیاحتی مرکز بن سکتا ہے۔

مشیر قبائلی اضلاع اجمل وزیر کے مطابق امن کے قیام کے ساتھ ہی حکومت نے جنوبی وزیرستان کے خوبصورت علاقوں میں سیاحتی سرگرمیوں کے لئے عملی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

جنوبی وزیرستان میں ٹورازم سے جہاں سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا، وہیں سالوں سے پسماندہ رہ جانے والے علاقے اور عوام بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہونگے۔

جنوبی وزیرستان سمیت تمام قبائلی اضلاع کو خیبر پختونخوا میں ضم تو کر دیا گیا ہے تاہم علاقے کی خوشحالی کیلئے حکومتی کوششوں کے ساتھ ساتھ عوام کے بھی تعاون کی اشد ضرورت ہے۔