وادی تیراہ: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں ضم قبائلی ضلع خیبر میں سیکورٹی فورسز کی قربانیوں سے امن لوٹ آیا، پاک فوج کے زیراہتمام رنگا رنگ سپورٹس فیسٹول میں وزیراعظم عمران خان نے شرکت کی۔
قبائلی ضلع خیبر کی خوبصورت وادی تیراہ میں قیام امن کے بعد خوشیاں لوٹ آئیں، پاک فوج کے زیر اہتمام خیبر کی وادی تیراہ میں رنگا رنگ جشن بہاراں میلہ ہوا، میلے میں 8 مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوئے جس میں قبائلی ضلع خیبر کی ٹیموں نے شرکت کی۔ میلے میں بڑی تعداد میں قبائلی شریک تھے، قبائلیوں نے رنگا رنگ میلے کے انعقاد پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔
ورسک سٹیڈیم میں جشن بہاراں میلے کی اختتامی تقریب میں فرنٹیئر کور کے دستے نے وزیراعظم عمران خان کو سلامی دی، سپورٹس گالا میں گھوڑوں کا روایتی رقص پیش کیا گیا۔ وزیراعظم نے بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ تقریب میں گورنر کے پی کے شاہ فرمان اور وزیراعلیٰ محممود خان بھی موجود تھے۔