لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے لاہور دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا آج پوری قوم صدمے میں ہیں، فوج کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کو شکست دیں گے۔
چودھری سرور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا دعا ہے اللہ تعالیٰ شہدا کو جنت الفردوس میں جگہ عطا کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے، ہسپتال اور ڈاکٹرز کو بہترین علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ہسپتال میں تمام ڈیپارٹمنٹس کے سربراہ موقع پر موجود رہے اور زخمیوں کو بہترین ادویات فراہم کی گئیں۔
یاد رہے داتا دربار کے باہر پولیس ناکے پر دھماکے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید جبکہ 24 افراد زخمی ہوئے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ خودکش تھا۔ پولیس کے مطابق دھماکا ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب ہوا، ایلیٹ فورس کی گاڑی داتا دربار کے گیٹ نمبر دو کے قریب کھڑی تھی، دھماکے سے ایلیٹ فورس کی گاڑی مکمل تباہ ہوگئی۔
دھماکے میں شہید ہونے والوں میں 5 پولیس اہلکار، ایک سیکیورٹی گارڈ اور ایک راہگیر شامل ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ داتا دربار کے داخلی و خارجی دروازے بند کر دیئے گئے ہیں، زخمیوں کو میو ہسپتال لایا گیا ہے جہاں متعدد زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔