اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، اراکین اسمبلی نے گلوے شکووں کی پٹا ری کھول دی۔
ذرآئع کے مطابق اراکین اسمبلی نے کہا ہے کہ حکومتی پالیسیوں پر اعتماد میں نہیں لیا جاتا، غیر منتخب لوگوں کے بجائے عوامی نمائندوں کو موقع دیا جائے تو زیادہ بہتر نتائج آئیں گے، حکومتی فیصلوں سے اپوزیشن کو خود تنقید کا موقع دیا جا رہا ہے۔
عمران خان نے اراکین سے کہا کہ آپ کے تحفظات درست ہیں لیکن کچھ سخت فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔ ارکان قومی اسمبلی نے نیا بلدیاتی نظام لانے پر وزیراعظم کی تعریف کی۔ وزیر اعظم نے ارکان اسمبلی کو ہدایت کی کہ قومی اسمبلی کا اجلاس ختم ہوتے ہی اپنے حلقوں میں جائیں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر رمضان پیکج پر عملدرآمد کرائیں۔
دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے تاخیر سے اجلاس میں آنے پر اراکین اسمبلی پر برہمی کا بھی اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں وقت پر آ سکتا ہوں تو آپ کیوں نہیں پہنچ سکتے۔