لاہور: (دنیا نیوز) بہاولنگر، فورٹ عباس، ہارون آباد، سمہ سٹہ ریلوے سیکشن کی بحالی کا فیصلہ کر لیا گیا۔ وزیرریلوے شیخ رشید کہتے ہیں کہ سی پیک منصوبے کے تحت ساہیوال، ملتان مین لائین ون کی پٹڑی کو بہاولنگر فورٹ عباس ٹریک کی بحالی کے لیے استعمال کیا جائیگا۔
تحریک انصاف کے رہنما شوکت بسرا نے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے ریلوے ہیڈ کوارٹر لاہور میں ملاقات کی جس میں بہاولنگر، فورٹ عباس، ہارون آباد، سمہ سٹہ ریلوے سیکشن کی بحالی کی درخواست کی گئی۔
وزیر ریلوے شیخ رشید نے اس ضمن میں سی ای او ریلوے کو ہدایت کی کہ ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کے ساتھ ساتھ بہاولنگر، سمہ سٹہ سیکشن پر کام شروع کیا جائے۔ سی پیک منصوبے کے تحت ساہیوال، ملتان مین لائن ون کی پٹڑی کو بہاولنگر فورٹ عباس ٹریک کی بحالی کے لیے استعمال کیا جائیگا۔
شو کت بسرا نے بہاولنگر، فورٹ عباس جیسے پسماندہ علاقوں کو بذریعہ ریل قومی دھارے میں لانے کے لئے وزیر ریلوے کا شکریہ ادا کیا، شوکت بسر ا کا کہنا تھا کہ بہاولنگر، سمہ سٹہ ٹریک بحالی سے تقریباً تیس لاکھ افراد مستفید ہونگے۔ علاقے کے لوگوں کا احساس محرومی دور ہو گا اور معاشی وسائل میں اضافہ ہو گا۔