کراچی: (دنیا نیوز) رحیم یار خان میں ریلوے ٹریک متاثر ہونے سے کراچی کینٹ سٹیشن پر ہزاروں مسافر رل گئے۔ بچوں، خواتین اور بزرگوں نے رات عذاب میں گزاری۔ ریلوے حکام کے مطابق ریلوے ٹریک جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔
رحیم یار خان میں مال گاڑی کو حادثے کے بعد کراچی میں بھی ٹرینوں کی آمدورفت بری طرح متاثر رہی۔ کینٹ سٹیشن پر ہزاروں مسافر وں کی نیندیں حرام ہوگئیں، بچوں، خواتین، بزرگوں کی ساری رات انتظار میں ہی کٹ گئی لیکن ظالم ٹرین نہ آئی۔
کینٹ سٹیشن پر مسافروں کی طویل لائن لگی رہی، کوئی زمین پر بیٹھ کر وقت گزارتا رہا تو کوئی ادھر اُدھر چکر لگا تا رہا۔ سٹیشن پر سہولیات کی کمی نے بھی مسافروں کی پریشانی میں اضافہ کیا، انتظامیہ غائب رہی جبکہ مسافر بے سروسا مانی کی حالت میں پڑے رہے۔
ٹریک مرمت کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت جزوی طور پر بحال ہوئی، صبح 8 بجے اندرون ملک سے آنے والی پاکستان ایکسپریس 19 گھنٹے تاخیر کے بعد کینٹ اسٹیشن پہنچی، اب بھی کئی مسافر اپنی منزل کو روانہ نہ ہوسکے۔