اسلام آباد: (دنیا نیوز) آصف زرداری نے رمضان کے بعد حکومت مخالف تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا حکومت مخالف تحریک پارلیمنٹ نہیں، سڑکوں پر چلائیں گے۔
سابق صدر آصف زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نیب اور معیشت ایک ساتھ نہیں چل سکتی، بلاول بی بی شہید کا بیٹا ہے، انگاروں پر چلے گا، ماضی اور موجودہ ایمنسٹی سکیم میں کوئی فرق نہیں۔
ادھر عدالت نے آصف زرداری کی 6 نیب انکوائریز اور تحقیقات میں ضمانت میں توسیع کر دی۔ دو رکنی بنچ کے روبرو آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے مؤقف اختیار کیا کہ نئے طلبی کے نوٹسز آ رہے ہیں، جسٹس عامر فاروق نے کہا یہ تو لگتا ہے طلبیوں اور ضمانتوں کا سیلاب آ رہا ہے۔ نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا پارک لین کیس تیار ہے، آصف زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری ہو چکے ہیں۔
عدالت نے پارک لین کیس میں آصف زرداری کی ضمانت میں 12 جون تک بلٹ پروف گاڑیوں اور توشہ خانہ تحائف کے کیس میں ضمانت میں 20 جون تک توسیع کر دی۔ ہریش کمپنی میں ان کی 30 مئی، مشکوک ٹرانزیکشنز کیس میں 18 جون تک گرفتاری نہیں کی جا سکے گی۔ اوپل 225 انکوائری میں آصف زرداری اور فرالج تالپور کی ضمانت میں 11 جون تک، میگا منی لانڈرنگ کیس میں 29 مئی تک توسیع کر دی گئی۔