راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ افغان مفاہمتی عمل میں کامیابی کے لیے پاکستان مثبت کردار ادا کر رہا ہے، کسی بھی ناگہانی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ پائیدار امن کے لیے سرحد پر باڑ، سرحدی چوکیوں کی تعمیر جاری رہے گی۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مشرقی سرحدوں پر ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ پاکستان کو اب بھی مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔ ماضی میں بہت سے چیلنجز کا سامنا کر چکے ہیں۔ حتمی کامیابی کی جانب سفر جاری رکھنے کے لیے پرعزم اور متحد ہونا ہو گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران آرمی چیف کو سرحدی علاقوں میں اقتصادی ترقی اور ٹی ڈی پیز کی بحالی کے منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاک فوج کے جوانوں اور افسروں سے ملاقات کی۔ آرمی چیف نے جوانوں اور افسروں کے حوصلے اور بلند کردار کو سراہا۔
یاد رہے کہ دواتوئی میں یکم مئی کو دہشت گردوں کے حملے میں 3 جوان شہید ہوئے تھے۔