راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کی برقت کارروائی میں امن کے تین دشمن مارے گئے۔ چار ہوٹل ملازمین اور پاک بحریہ کا جوان شہید، چھ افراد زخمی، پاک فوج کے دو کپتان بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔
پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت کارروائی نے امن کے دشمن دہشتگردوں کی ناپاک سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے پرل کانٹی نینٹل ہوٹل (پی سی) گوادر کا کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے ذمہ دارانہ رپورٹنگ پر میڈیا کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ذمہ دارانہ رپورٹنگ سے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کی کارروائی سے بے خبر رہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران چار ہوٹل ملازمین سمیت پاک بحریہ کا ایک جوان شہید ہوا جبکہ چھ افراد زخمی ہوئے جن میں پاک بحریہ کے دو جوان، ہوٹل کے دو ملازمین اور پاک فوج کے دو کپتان بھی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد ہوٹل میں داخل ہو کر مہمانوں کو یرغمال بنانا چاہتے تھے لیکن گیٹ پر موجود گارڈ نے انتہائی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے انھیں اندر داخل ہونے سے روکا۔
دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس سے سیکیورٹی گارڈ ظہور شہید ہوا جس کے بعد دہشت گرد سیڑھیوں والے راستے میں داخل ہو گئے۔
سیڑھیوں میں دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کی جس سے ہوٹل ملازم فرہاد، بلاول اور اویس شہید ہو گئے جبکہ دو ملازم زخمی بھی ہوئے۔
پاک فوج، بحریہ اور پولیس کی ٹیمیں بروقت ہوٹل پہنچیں جنہوں نے مہمانوں اور ملازمین کے تحفظ کو یقینی بنایا۔ دہشت گردوں کو ہوٹل کی چوتھی منزل کی گیلری تک محدود کر دیا گیا۔ مہمانوں اور عملہ کو باحفظت نکالنے کے بعد کلیئرنس آپریشن شروع کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے چوتھی منزل کے راستہ پر بارودی سرنگیں بچھا دیں اور اسی دوران سی سی ٹی وی کیمروں کو ناکارہ بنا دیا۔ سیکیورٹی فورسز نے چوتھی منزل تک رسائی کے لیے مخصوص راستہ بنایا اور تمام دہشت گرد مارنے کے بعد بارودی سرنگیں ناکارہ بنا دیں۔ فائرنگ کے تبادلے میں بحریہ کے سپاہی عباس خان شہید ہو گئے۔