اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری نے چیئرمین نیب کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انٹرویو دیکر چیئرمین نیب نے قوانین کی خلاف ورزی کی، چیئرمین نیب کے خلاف ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے کہا بزرگوں کو ہتھکڑیاں لگانے اور جیلوں میں ڈالنے کے بعد معیشت کیسے چل سکتی ہے۔
ادھر اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری اور فرالا تالپور کو ریفرنس کی نقول فراہم نہ کی جاسکیں۔ عدالت نے کارروائی 30 مئی تک ملتوی کر دی۔
دوسری جانب نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کو سندھ حکومت کے غیر قانونی ٹھیکوں کی انکوائری میں 23 مئی کو طلب کر لیا۔ نیب کی جانب سے آصف زرداری کو دیئے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی ٹھیکوں سے نوڈیرو ہاؤس کے انچارج ندیم بھٹو کے اکاؤنٹ میں رقوم منتقل ہوئیں۔
نوٹس میں کہا گیا کہ ایک کروڑ 70 لاکھ روپے سے نوڈیرو ہاؤس کے انتظامات چلائے گئے، آپ کے اور اہلخانہ کے فضائی اخراجات بھی اسی رقم سے منتقل ہوئے، آپ اہم معلومات رکھتے ہیں، پیش ہو کر جواب دیں۔ یاد رہے نیب آصف زرداری کو 7 انکوائریز میں پہلے طلب کر ہے۔