اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کو ریفرنس کی نقول فراہم نہ کی جاسکیں۔ سابق صدر اور ان کی ہمشیرہ پانچویں بار عدالت میں پیش ہوئے۔
پولیس کی جانب سے اڈیالہ جیل میں قید ملزم حسین لوائی کو ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کیا گیا تو ان کے وکیل نے اس کے خلاف درخواست دائر کر دی۔ عدالت نے حسین لوائی کی ہتھکڑیاں کھلوا دیں اور جیل حکام کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے حسین لوائی اور طحہ رضا کی ضمانت کی درخواستیں فریقین کے دلائل سننے کے بعد مسترد کر دیں۔
ریفرنس کے شریک ملزم عبدالغنی مجید اور نور انور مجید کو اس بار بھی عدالت پیش نہیں کیا گیا۔ کراچی میں قید عبدالغنی مجید کی جانب سے بیماری کے باعث حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔ نیب پراسیکیوٹر نے اس کی مخالفت کی۔
عدالت نے چیف سیکرٹری سندھ، ملیر جیل کے سپرنٹنڈنٹ اور گزشتہ پیشی پر پیش ہونے والے چیف سیکرٹری سندھ کے نمائندے کو شوکاز نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت 30 مئی تک ملتوی کردی۔