فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے علاقہ جڑانوالہ میں سینئر سول جج پر حملہ کیس کے ملزم وکیل کو انسداد دہشتگردی عدالت کی جانب سے 5 سال قید و جرمانہ کی سزا سنا دی گئی۔
فیصل آباد میں جڑانوالہ کی تحصیل کچہری میں 25 اپریل کو عمران منج ایڈوکیٹ نے سینئر سول جج کی عدالت میں گھس کر باپ کے مقدمہ میں حق میں فیصلہ نہ دینے پر سینئر سول جج خالد محمود وڑائچ پر قاتلانہ حملہ کر دیا تھا اور عدالت میں پڑی ہوئی کرسی اٹھا کر سر میں مارتے ہوئے سینئر سول جج کا سر پھوڑ دیا جس پر پولیس کی جانب سے سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کیا گیا اور پنجاب بار کونسل کی جانب سے ایڈوکیٹ عمران منج کا لائسنس منسوخ کیا گیا۔
آج صبح ملزم عمران منج ایڈوکیٹ کو انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں فاضل جج محمد خلیل ناز نے جرم ثابت ہونے پر مجموعی طور پر 5 سال قید اور سوا 2 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنا دی جس پر ڈسٹرکٹ بار فیصل آباد اور تحصیل بار جڑانوالہ کی جانب سے فیصلے کیخلاف ہڑتال کر دی گئی اور موقع پر موجود وکلاء نے عدالت میں شورو غل اور ہنگامہ شروع کردیا۔
پولیس کی بھاری نفری طلب کی گئی، پولیس جوانوں نے عدالت کو سخت سیکیورٹی حصار میں لے کر وکلاء سمیت کسی کو بھی احاطہ عدالت میں نہ گھسنے دیا۔