فیصل آباد: یوٹیلٹی سٹورز سے رمضان پیکج میں اعلان کردہ 10 بنیادی اشیاء غائب

Last Updated On 14 May,2019 08:56 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) حکومت کی جانب سے 2 ارب روپے کے رمضان پیکج میں 19 بنیادی ضروریات اشیاء پر خصوصی رعایت کا اعلان تو کیا گیا تاہم فیصل آباد کے یوٹیلٹی سٹورز پر 19 میں سے 10 اشیائے خورونوش سرے سے دستیاب ہی نہیں۔

یوٹیلٹی سٹورز کے خالی ریکس اور غائب اشیا سے شہری پریشان، ریلیف کے نعرے کھوکھلے نکلے۔ کیا خریدیں، حکومت نے 2 ارب روپے کے رمضان پیکج کا علان تو کیا لیکن فیصل آباد کے یوٹیلٹی سٹوروں پر 19 اشیاء خورونوش میں سے گھی، کوکنگ آئل، چینی، آٹا، دال چنا، دال ماش، دال مونگ، کالے اور سفید چنے سمیت مصالحہ جات موجود ہی نہیں ہیں۔ یوٹیلٹی سٹور انچارج کہتے ہیں اشیاء مہیا ہی نہیں کی گئیں۔

سرکاری سطح پر رعایتی اشیاء کی فراہمی کے واحد سہارے یوٹیلٹی سٹوروں کی حالت زار پر غریب اور متوسط طبقہ نوحہ کناں ہیں۔ کسی کو دالیں اور چینی نہ ملنے کا شکوہ تو کوئی مہنگائی کا مارا آبدیدہ ہو گیا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی دہائی دیتی عوام کے لیے ریلیف کے بلند و بانگ نعرے تو بہت لگائے گئے لیکن عملی اقدامات ہوا میں محل بنانے کے مترادف ہیں۔