لاہور: (دنیا نیوز) چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کو نشانہ بنا کر نیب کے ادارے کو متنازع بنایا جا رہا ہے اور اسے ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کے خلاف سازش کر کے عوام کی توجہ فضول کاموں کی طرف مبذول کروائی جا رہی ہے۔ ملک کئی بحرانوں کا شکار ہے، یہ وہ وقت نہیں کہ کسی قومی ادارے یا اس کے سربراہ کی کردار کشی کی جائے۔
چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ایسے لغو کاموں پر بیان بازی کا مقابلہ کرنا بھی اس وقت ملک کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ نیب کے سربراہ کو میں اس وقت سے جانتا ہوں جب انہیں ایبٹ آباد کمیشن کی سربراہی دی گئی تھی۔ اس وقت میں کمیشن کے سامنے پیش ہوا اور ایک گھنٹہ تک بحث ہونے کے بعد میں نے اپنا بیان ریکارڈ کروایا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں اتفاق سے جسٹس (ر) جاوید اقبال مجھے ایک تقریب میں ملے تو انہوں نے بتایا کہ آپ کا بیان ہوبہو رپورٹ میں لکھ دیا ہے۔