لاڑکانہ: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت کی درخواست پر سندھ کے علاقے رتوڈیرو میں ایچ آئی وی وائرس پھیلنے کی تحقیقات کیلئے عالمی ماہرین کا وفد لاڑکانہ پہنچ گیا ہے۔ ماہرین 11 جون تک ایچ آئی وی کے آؤٹ بریک کے متعلق اپنی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ دیں گے۔
عالمی ماہرین کے وفد کو ڈپٹی کمشنر آفس لاڑکانہ میں صوبائی وزیر صحت کی جانب سے استقبالیہ دیا گیا اور ڈبلیو ایچ او کی جانب سے محکمہ صحت سندھ کو فراہم کردہ ادویات کی رسمی تقریب منعقد کرکے بریفنگ دی گئی۔
وزیر صحت عذرا پیچوہو چند روز تک لاڑکانہ میں ہی قیام کریں گئی اور عالمی ماہرین کی ٹیم کو معاونت فراہم کریں گی۔ 10 رکنی عالمی ماہرین کے وفد میں ڈبلیو ایچ او، یونیسیف، یو این ایڈز، سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول امریکا سمیت دیگر تنظیموں کے ماہرین شامل ہیں جن کا تعلق امریکا، برطانیہ، سری لنکا، جرمنی، سویٹزرلینڈ، اٹلی، کینیڈا، تھائی لینڈ، لبنان اور ایتھوپیا سے ہے۔
اس کی سربراہی عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اولیور مورگن کر رہے ہیں۔ ماہرین کی ٹیم 11 جون تک اپنی تحقیقات مکمل کرے گی اور رتوڈیرو میں ایچ آئی وی متاثرہ مریضوں اور اہل خانہ سے ملاقات اور علاج میں مدد فراہم کریں گے۔