لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے میاں محمد نوازشریف کی بگڑتی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جیل میں طبیعت دن بدن بگڑ رہی ہے۔ انجائنا کا روزانہ تین سے چار مرتبہ درد ہونا سنگین خطرے کی علامت ہے۔ حکومت نے نوازشریف کے لئے ہنگامی طبی انتظامات واپس لے لئے۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم سے ایمبولنس بھی واپس لے لی گئی ہے۔ کوئی معالج بھی کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے موجود نہیں۔ کسی ہنگامی صورتحال میں نوازشریف کی جان بچانے کا کوئی فوری طبی انتظام دستیاب نہیں۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو کچھ بھی ہوا تو اس کے ذمہ دار اور قصور وار وزیراعظم عمران خان ہوں گے۔ ہمارا ہاتھ اوراس کا گریبان ہوگا۔ حالات کو دیکھ کر یہ کہنے پر مجبورہوں کہ میاں صاحب کے قتل کی سازش ہورہی ہے۔ پہلے میاں صاحب کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کو ملنے کی اجازت دینے سے انکار کیا جاتا رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عدنان جیل گئے تو وہاں نہ کوئی ڈاکٹر ڈیوٹی پر موجود تھا نہ ہی طبی امداد کا کوئی بھی انتظام، فوری طورپر ہنگامی اور فوری طبی امداد کا یونٹ جیل پہنچایا جائے۔ ایمبولینس دستیاب کی جائے۔ یہ قتل کی سازش نہیں تو اور کیا ہے کہ انجائنا کا شدید درد ہونے کے باوجود اب تک کوئی ٹیسٹ نہیں ہوا؟
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کو میاں صاحب کی صحت و سلامتی سے دلچسپی نہیں ورنہ انجائنا کے درد کے بعد فوری طبی امداد مہیا کی جاتی؟ حکومت نہ ڈاکٹر مہیا کررہی ہے اور نہ ہی میاں صاحب کے ذاتی معالج کو اجازت دے رہی ہے۔