پاک فوج کا رضا کارانہ دفاعی بجٹ میں اضافہ نہ لینے کا فیصلہ، وزیراعظم کا خیر مقدم

Last Updated On 05 June,2019 11:36 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک فوج کی جانب سے ایک بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے۔ ملکی معیشت کی بہتری کے لیے پاک فوج نے قوم کو عید پر ایک بڑا تحفہ دیا ہے۔

 

ذرائع کے مطابق پاک فوج نے رضا کارانہ دفاعی بجٹ میں اضافہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ فوج نے راشن، سفری الاؤنس اور انتظامی اخراجات میں کمی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پاک فوج کے افسران کی تنخواہوں میں بھی اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاک فوج کی طرف سے رواں مالی سال میں دفاعی ترقیاتی اخراجات موخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان تمام اقدامات کے نتیجے میں بچ جانے والی رقم کو حکومت قبائلی علاقوں اور بلوچستان میں ترقیاتی کام پر خرچ کرے گی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ حقیقی قومی ادارے کی حب الوطنی کی عکاسی اور احسن اقدام ہے۔ میں پاک فوج کا شکر گزار ہوں جنہوں نے رضا کارانہ طور پر اپنے دفاعی اخراجات میں کمی کا فیصلہ کیا ہے، ملک میں سکیورٹی کے حالات کے باوجود فیصلہ بہت شاندار ہے۔

عمران خان نے ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ رقم کو قبائلی علاقوں اور بلوچستان میں ترقیاتی کام پر خرچ کرینگے۔ جس سے پسماندہ علاقوں میں احساس محرومی دور ہو گا۔