اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، کابینہ کے اجلاس میں 12 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جا رہا ہے۔
بچوں کے حقوق کے لیے نیشنل کمیشن کے قیام کی منظوری ایجنڈے میں شامل ہے، کابینہ کو ویزا پالیسی میں نرمی کے حوالے سے پیش رفت پر بریفنگ دی جائے گی، الیکشن 2018ء کی سالانہ اور جائزہ رپورٹ بھی کابینہ کے ایجنڈے میں شامل ہے، کیش مینجمنٹ اور سنگل اکاونٹ پالیسی بھی منظوری کیلئے کابینہ میں پیش کی جائے گی۔
کابینہ محکموں کے اکاونٹس میں بجٹ رقوم رکھنے کے خلاف پالیسی کی منظوری دے گی، نئی پالیسی کے تحت بجٹ کی رقوم ہر محکمہ سنگل ٹریژی اکاونٹ میں جمع کروائیں گے، عتیق احمد کو ڈیپوٹیشن پر فیڈرل بورڈ کا سیکرٹری تعینات کرنے کی منظوری متوقع ہے۔
حج پالیسی اور پلان 2019ء بھی دوبارہ وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا، سرکاری عمارتوں کی مارکیٹنگ حکمت عملی پر وفاقی کابینہ کو بریفنگ دی جائے گی، اسلام اباد کی خصوصی عدالت برائے انسداد دہشت گردی کے جج کی تعیناتی کی منظوری متوقع ہے، لاہور اور ملتان کے انشورنس ٹریبیونلز کے چیئرمین اور ممبرز کی تعیناتی کی منظوری دی جائے گی۔